نئی دہلی،24جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا): سری نواسن اور نرنجن شاہ بی سی سی آئی ایس جی ایم (خصوصی جنرل میٹنگ)میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔سپریم کورٹ نے ان دونوں کے حصہ لینے پر پابندی لگا دی ہے۔سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ اجلاس میں صرف ریاست ایسوسی ایشن کے عہدیدار ہی حصہ لے سکتے ہیں۔بی سی سی آئی میں اصلاحات کو لے کر سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔سپریم کورٹ نے کہا کہ ایک ریاست میں ایک ووٹ شاید ملک میں اچھا خیال نہ ہو لیکن اس پر بحث کی ضرورت ہے،تمام ریاستی کرکٹ ایسوسی ایشن سے سپریم کورٹ نے کہا کہ 26جولائی کو ہونے والے اسپیشل جنرل میٹنگ میں ایسوسی ایشن کے رکن ہی حصہ لے سکتے ہیں۔سپریم کورٹ نے کہا کہ میٹنگ میں لوڈھا کمیٹی کی سفارشات کو لاگو کرنے پر بحث ہو گی۔سپریم کورٹ اگلی سماعت میں فیصلہ کرے گا کہ کیا نااہل قرار شخصیت ریاست کی جانب سے نامزد رکن کے طور پر میٹنگ میں حصہ لے سکتا ہے یا نہیں؟ اگلی سماعت 18اگست کو ہوگی۔